زخمی کسان کے اغوا کا ڈراپ سین، مغوی مبینہ بلیک میلر نکلا

ویب ڈیسک  پير 4 جولائی 2022

 کراچی: ڈاکس کے علاقے مائی کلاچی روڈ سے متصل جنگل سے شدید زخمی اور نیم بہوشی کی حالت میں ملنے والا شخص مبینہ طور پر بلیک میلر نکلا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے علاقے پتوکی سے 4 ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کا ڈرامہ رچانے والا شخص بلیک میلر نکلا، پولیس نے واقعے کی تفتیش کرکے کچھ ہی دیر میں گتھی سلجھا دی۔

ڈاکس پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شدید زخمی حالت میں ملنے والا شخص پتوکی پنجاب کا رہائشی ہے زخمی شخص نے اہلخانہ سے مل کراپنے اغواء کا مقدمہ پتوکی صدر تھانے میں مخالفین کے خلاف درج کرا رکھا ہے۔

پولیس کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ زخمی شخص رمضان نے خود کو انجکشن لگانے کے بعد بری طرح زخمی کیا اور جسم کے مختلف حصوں پر کٹ لگا کر کیلیں بھریں، حتیٰ کے اپنے ہونٹ بھی سی لیے تھے۔

رمضان نے زخمی حالت میں اپنی تصاویر اہلخانہ کو بھیج کر مخالفین سے بھاری رقم لینے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس سلسلے میں زخمی شخص نے اپنے معاون عارف کے ہمراہ سمندر کنارے نیٹی جیٹی سے ویڈیو بناکر لوکیشن کے ہمراہ اہلخانہ کو بھیجنی تھی۔

پولیس نے زخمی شخص کے معاون عارف کو بھی گرفتار کرلیا ہے، کیس کے سلسلے میں ڈاکس پولیس پتوکی پولیس سے رابطے میں ہے اور مبینہ مغوی رمضان کو پتوکی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

پولیس نے مؤقف اپنایا ہے کہ خود کو شدید زخمی کرنے والا شخص اپنی مرضی سے بلدیہ ٹاؤن میں دوست کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔

واضح رہے کہ مذکورہ شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ اسے دوسری بیوی نے اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا اور اس دوران کسی جادو کرنے والے شخص نے ہونٹ سی دیے تھے اور پھر پتا نہیں چلا کہ کب کراچی منتقل کر دیا گیا، گزشتہ شب آنکھ کھلی تو کسی جنگل میں پڑا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔