ٹریفک حادثات اور ڈکیتی پر مزاحمت میں 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی

ویب ڈیسک  پير 4 جولائی 2022
ڈاکوؤں نے لوٹ مار میں مزاحمت پر گولیاں چلادیں۔ (فوٹو فائل)

ڈاکوؤں نے لوٹ مار میں مزاحمت پر گولیاں چلادیں۔ (فوٹو فائل)

 کراچی: شہر قائد کے علاقوں سرجانی ٹاؤن اور کلفٹن میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

سرجانی ٹاؤن عبداللہ موڑ کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار 45 سالہ اکبر ولد فقیر محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا۔ دریں اثنا کلفٹن بلاک ون چائنا پورٹ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 30 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی فوری شناخت نہیں ہو سکی۔ دونوںواقعات میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں سرد خانے منتقل کردی گئیں۔

علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی پر مزاحمت کے دوران فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہو گئے۔

کھوکھرا پار ڈھائی نمبر میں ہوٹل کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے ، زخمی کی شناخت22 سالہ محمد یاسین ولد محمد حسین کے نام سے ہوئی۔ میمن گوٹھ کے علاقے جام گوٹھ میں ڈاکوؤں مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا، جس کی کی شناخت محمد یاسین ولد محمد حسین کے نام سے ہوئی۔

ابراہیم حیدری کے علاقے کورنگی الیاس گوٹھ نیوی کی دیوار کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی شناخت 24 سالہ علی نواز ولد حق نواز کے نام سے ہوئی۔ اُدھر نیپیئر کے علاقے پرانا حاجی کیمپ کشتی چوک کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا ، جس کی شناخت 35 سالہ فرحان ولد سعید احمد کے نام سے ہوئی۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے شاداب فلیٹ کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے مزاحمت پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے ، جس کی شناخت شاہ زیب ولد عقیل خان کے نام سے کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔