وزیر صحت کا عوام کو عید تعطیلات پر گھروں سے کم سے کم نکلنے کا مشورہ

ویب ڈیسک  پير 4 جولائی 2022
کراچی میں سب سے زیادہ کورونا کے مریض سامنے آرہے ہیں، وزیر صحت۔ فوٹو : فائل

کراچی میں سب سے زیادہ کورونا کے مریض سامنے آرہے ہیں، وزیر صحت۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے عوام کو عید کی چھٹیوں پر گھروں سے کم سے کم نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے لوگ احتیاط کریں اور بازاروں میں جاتے وقت احتیاط کریں، لوگوں میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کورونا تیزی سے بڑھ رہا ہے جبکہ کراچی میں سب سے زیادہ کورونا کے مریض سامنے آرہے ہیں، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں میں مریض بڑھے ہیں۔ پچھلے ہفتے 3 اعشاریہ سے بڑھ کر آج چار اعشاریہ تک پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی ایس او پیز وہی رہیں گے جبکہ سرکاری دفاتر کے لیے بھی ایس او پیز جاری کی گئی ہیں، صوبوں کو ایمرجنسی صورتحال پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزیراعظم اعظم کی ہدایات پر ہم لوگ صوبوں سے مشاورت کر رہے ہیں، این ڈی ایم اے سے بھی رابطے کیے ہیں کیونکہ دو مذہبی اجتماع آ رہے ہیں، عید اور محرم بھی قریب ہے، بوسٹر ویکسین مہم دس لاکھ تک لے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔