ہمارے بولرز میں اتنی صلاحیت ہے کہ سری لنکن ٹیم کو دوبار آؤٹ کرسکیں، بابراعظم

اسپورٹس رپورٹر  پير 4 جولائی 2022
سری لنکا کی کنڈیشنز کے مطابق تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں وہاں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا، کپتان کی پریس کانفرنس (فوٹو: فائل)

سری لنکا کی کنڈیشنز کے مطابق تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں وہاں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا، کپتان کی پریس کانفرنس (فوٹو: فائل)

 لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ دورۂ سری لنکا میں نگاہیں جیت پر مرکوز ہوں گی، میزبان ملک کی کنڈیشنز مختلف اور مشکل ہوں گی مگر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلیے تیاری مکمل کرلی۔

دورۂ سری لنکا کے حوالے سے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز کے مطابق تیاری کے ساتھ  جا رہے ہیں وہاں کی صورتحال کے مطابق دورے میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے بولرز میں اتنی صلاحیت ہے کہ مخالف ٹیم کو دو بار آؤٹ کرسکیں، یاسر شاہ کو ساجد خان پر ترجیح دی گئی ہے، ساجد خان ان دنوں ایکشن پر کام کررہا ہے، ساجد خان کا بولنگ ایکشن رپورٹ نہیں ہوا مگر اس میں کچھ تبدیلی لانے کی ضرورت تھی جس کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یاسر شاہ کے فٹنس مسائل تھے لیکن لیگ اسپنر بہت زیادہ بہتری لانے میں کامیاب ہوئے ہیں ان کے فی اوور اکانومی میں بھی بہتر ہوئی ہے، دورۂ سری لنکا کے لیے اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے والے اسپنر کے لیے اچھا موقع ہے کہ اپنی کارکردگی میں نکھارلانے کے لیے کام کرلیں۔

بابراعظم نے کہا کہ یاسر شاہ لاہور اور پنڈی میں کیمپس کے دوران اچھے ردھم میں نظر آئے، امید ہے کہ گزشتہ دورہ سری لنکا میں کارکردگی دکھانے والے یاسر شاہ اس بار بھی پرفارم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دورۂ سری لنکا میں نگاہیں جیت پر مرکوز ہوں گی، میزبان ملک کی کنڈیشنز مختلف اور مشکل ہوں گی مگر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلیے تیاری مکمل کرلی، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں خصوصی طور پر اسپن پچز تیار کی گئی تھیں، راولپنڈی میں بھی اسی طرح کے ٹریکس پر پریکٹس میچز کھیلے، سینئرز وہاں کھیلنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی مجموعی صورتحال بہتر ہے، بیٹرز اچھی فارم میں ہیں، یاسر شاہ کی واپسی ہوئی ہے، نعمان علی بھی موجود ہیں، سلمان علی آغا بھی اچھے اسپنرز ہیں، آسٹریلیا اور سری لنکا کے میچ میں اگر فاسٹ بولرز کو کم وکٹیں ملی ہیں تو اس کا مطلب نہیں کہ ہمارے پیسرز بھی کامیاب نہیں ہوسکتے، پاکستان کی پیس بیٹری میں اتنی صلاحیت ہے کہ آئی لینڈرز کو دباﺅ کا شکار کرسکے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔