ایپل کی نئی گھڑی، پہننے والے کو بخار سے خبردار کرسکے گی

ویب ڈیسک  بدھ 6 جولائی 2022
ایپل واچ کی سیریز 8 میں بخار ناپنے کا سینسر بھی شامل کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

ایپل واچ کی سیریز 8 میں بخار ناپنے کا سینسر بھی شامل کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

 لندن: ایپل واچ کے نئے ماڈل کی آمد آمد ہے اور بہت سے تجزیہ کاروں کے مطابق اس میں ایک حساس تھرمامیٹر آپ کو بخار سے آگاہ کرسکے گا۔

اگرچہ ایپل واچ کے اس نئے سینسر کی آزمائش کی جا رہی ہے اور بہت سے معیارات سے گزارا جا رہا ہے۔ تاہم اس کے بعد ہی اسے ایپل واچ کا حصہ بنایا جائے گا۔ غالب امکان ہے کہ واچ سیریز 8 میں اس جدید حرارتی سینسر کو بطور تھرمامیٹر شامل کیا جائے گا۔

ٹیکنالوجی کے ماہرین اور تجزیہ کاروں نے دوسری پیشگوئی کی ہے کہ ایک بہت مضبوط اور ٹوٹ پھوٹ سہنے والی اسمارٹ واچ کا نیا ماڈل بھی سامنے آرہا ہے جسے بطورِ خاص ایتھلیٹ اور کھلاڑی وغیرہ کے لیے بنایا گیا ہے۔

ایپل نے جون 2021 میں تھرمامیٹر واچ کا اعلان کیا تھا پھر کہا کہ اسے جنوری 2022 کو لایا جائے گا۔ اب کہا جا رہا ہے کہ اس سال کے آخر تک تھرمامیٹر سینسر کو نئی اسمارٹ واچ کے ماڈل میں پیش کر دیا جائے گا۔

تاہم اس سینسر کے علاوہ ایپل واچ کے نئے ماڈل میں مزید کوئی بہتر اضافہ اب تک سامنے نہیں آسکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔