قومی ہاکی ٹیم کے غیرملکی کوچ کو پاکستان آنے میں مشکلات کا سامنا

زبیر نذیر خان  پير 4 جولائی 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 کراچی: قومی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ سگفرائیڈ ایکمین کو پاکستان کا ورک ویزہ تو جاری ہوگیا لیکن ان کی مشکلات کم نہیں ہو پارہیں۔

ایکسپریس نیوز کو انتہائی معتبر ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ویزے کے اجرا کے بعد اب ڈچ کوچ ایکمین ہالینڈ سے پاکستان آمد کے لیے فضائی ٹکٹ کے منتظر ہیں، عید الاضحٰی کے باعث ان کو رخت سفر کے لیے نشست کے حصول میں دشواری کا سامنا درپیش ہے۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں پی ایچ حکام سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں، ورک پرمٹ کی بجائے 90 یوم کا ورک ویزہ جاری ہونے سے ایکمین کو آئندہ بھی دقت پیش آئے گی۔

اس حوالے سے ذرایع نے یہ بھی کہا ہے کہ اس ویزے پر ڈچ کوچ صرف ایک بار ہی پاکستان آ سکیں گے، ایکمین کو پاکستان ہاکی ٹیم کے ہمراہ رواں ماہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لیے برطانیہ جانا ہے، ایسی صورت میں پاکستان واپسی پر ان کو امیگریشن کے  قانونی مسائل درپیش ہوں گے۔

دوسری جانب پی ایچ ایف مطلوبہ سفری دستاویزات مکمل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔