راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے

عمران اصغر  منگل 5 جولائی 2022
اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔

اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔

اسلام آباد / راولپنڈی: راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے املاک کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ہزارہ کالونی نالہ لئی میں ایک بچہ ڈوب گیا۔

نالہ لئی میں پانی کی سطح 18 فٹ بلند ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ صادق آباد، ڈھوک کالا خان، لالہ زار میں بارش کے پانی میں متعدد گاڑیاں ڈوب کر ناکارہ ہوگئیں۔

اسلام آباد کے علاقے ترنول، ایچ 13، آئی جے پی روڈ، ایکسپریس ہائی وے اور موٹروے چوک پر پانی جمع ہونے سے مسسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوجی دستے کشتیوں سمیت نالہ لئی کے قریب علاقوں میں پہنچے۔ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور واسا سمیت تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ واسا حکام کا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کی مدد سے پانی نکالا جا رہا ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ہزارہ کالونی نالہ میں نہانے والا ایک بچہ ڈوب چکا ہے جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش چکلالہ میں 86 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔