ڈکیتی مزاحمت پر 2 بھائیوں پر فائرنگ، مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو زخمی

ویب ڈیسک  منگل 5 جولائی 2022
پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہے (فوٹو فائل)

پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہے (فوٹو فائل)

 کراچی: فیڈرل بی ایریا میں ڈکیتی مزاحمت پر 2 بھائیوں کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا  جب کہ بھینس کالونی میں پولیس مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

پولیس کے مطابق ایف بی ایریا کے سنگم گراؤنڈ بلاک 9 دستگیر کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران موٹرسائیکل سوار 2 بھائیوں پر فائرنگ کردی اور نقدی و موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ زخمیوں کی شناخت شاہ نواز ولد شاہین اور انس ولد شاہین کے نام سے کی گئی۔

اُدھر سکھن پولیس نے بھینس کالونی زیرو پوائنٹ کے قریب سے مبینہ  مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ محمد یاسر ولد صابر حسین اور 25 سالہ ایاز علی کے نام سے کی گئی۔

ڈاکوؤں کے 3 دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ملزمان سے ایک 30 بور پستول ، ایک بے بی کلاشن 30 بور بمعہ ایمونیشن ، 15 چھینے گئے موبائل فونز ، 50 ہزار روپے نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔  پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔