انحراف چھوٹی بات نہیں یہ انسان کے ضمیر کا معاملہ ہے، چیف جسٹس

ویب ڈیسک  منگل 5 جولائ 2022
سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے منحرف اراکین کی درخواستوں کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی:فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے منحرف اراکین کی درخواستوں کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ انحراف چھوٹی بات نہیں یہ انسان کے ضمیر کا معاملہ ہے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے پنجاب اسمبلی  کے منحرف اراکین کی الیکشن کمیشن  کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی۔

منحرف اراکین کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی نے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے لئے کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھیں۔ وزارت اعلی کے لئے پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہٰی نے انتخاب کے روز اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال نے کہا کہ انحراف چھوٹی بات نہیں یہ انسان کے ضمیر کا معاملہ ہے۔ سپریم کورٹ آرٹیکل 63 اے کی تشریح میں انحراف کو پہلے ہی کینسرقراردے چکا ہے۔ جب آپ کی جماعت نے اجلاس کا بائیکاٹ  کیا تو آپ نے شرکت کیوں کی۔

جسٹس محمد علی مظہرکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ممبر ہوتے ہوئے آپ نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیے ہیں۔

عدالت نے منحرف اراکین کو پارٹی پالیسی کے خلاف مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کے نکتے پر تیاری کر کے آنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔