امریکا کے یوم آزادی پر امن پریڈ پر فائرنگ کا ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 5 جولائی 2022
 22 سالہ مسلح نوجوان نے ایک عمارت کی چھت سے ریلی کے شرکاء پر گولیاں برسائی تھیں، فوٹو: فائل

22 سالہ مسلح نوجوان نے ایک عمارت کی چھت سے ریلی کے شرکاء پر گولیاں برسائی تھیں، فوٹو: فائل

شکاگو: امریکا کے یومِ آزادی پر منعقد ہونے والی امن پریڈ میں اندھا دھند فائرنگ کر کے 6 افراد کو ہلاک اور 26 کو زخمی کرنے والے مسلح نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کے یوم آزادی پر ہونے والی ایک امن پریڈ میں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ میں 6 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔ ملزم نے ایک عمارت کی چھت سے ریلی کے شرکاء پر گولیاں برسائیں اور پھر کار میں بیٹھ کر فرار ہوگیا تھا۔

ہائی لینڈ پارک پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ طویل تعاقب کے بعد کار سوار مشتبہ ملزم کو حراست میں لے ہے جس کی شناخت 22 سالہ رابرٹ کرائیمو کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جو ممکنہ طور پر آلہ قتل ہوسکتا ہے تاہم ابھی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔

american day peace walk culprit arrested

مشتبہ ملزم کے حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تفتیشی عمل جاری ہے۔ تاحال ملزم کی جانب سے فائرنگ کی وجہ کا بھی تعین نہیں ہوسکا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا میں یوم آزادی پریڈ پر فائرنگ، 6 ہلاک

امن پریڈ پر فائرنگ کے ساتھ امریکا کے یوم آزادی پر مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے جن میں کم سے کم 12 افراد مارے گئے جب کہ 60 سے زائد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سے 9 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی امریکی یوم آزادی پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے جب کہ رواں برس فائرنگ کے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔