پنجاب اور بلوچستان میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سمیت کشمیر، خضدار، گوادر اور آواران میں طغیانی کا خدشہ


ویب ڈیسک July 05, 2022
رواں ہفتے کے آخر سے مون سون ہواؤں میں دوبارہ شدت کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

پنجاب اور بلوچستان میں پانچ سے سات جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ موسلادھار بارش سے راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر، خضدار، گوادر اور آواران کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں؛ راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے

کشمیر، گلیات، مری، چلاس، دیامر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

مسافر اور سیاح اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مون سون ہوائیں آئندہ 24 گھنٹوں میں شدت سے بیشتر علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ رواں ہفتے کے آخر سے مون سون ہواؤں میں دوبارہ شدت کا امکان ہے۔

اسی حوالے سے پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے، بارشوں کے باعث راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے، مسافر اور سیاح اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں