ملک کی تعمیرنو اور بحالی کیلیے 750 ارب ڈالرکی ضرورت ہوگی، یوکرینی صدر

ویب ڈیسک  منگل 5 جولائی 2022
روس نے فروری کے آخر سے یوکیرن پر جنگ مسلط کر رکھی ہے، فوٹو: فائل

روس نے فروری کے آخر سے یوکیرن پر جنگ مسلط کر رکھی ہے، فوٹو: فائل

کیف: یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جنگ سے تباہ حال ملک کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے حکومت نے 750 ارب  ڈالر کا قومی بحالی پروگرام پیش کردیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سوئٹزرلینڈ میں 40 سے زائد ممالک اور عالمی اداروں کے دو روزہ یوکرین ریکوری کانفرنس سے ورچوئل خطاب کیا۔ مشاورتی اجلاس کا انعقاد روس کے حملوں سے تباہ حال یوکرین کی تعمیر اور ترقی کے لیے کیا گیا تھا۔

صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ روس نے جنگ مسلط کرکے یوکرین کو تباہ کردیا ہے۔ ملک کی تعمیر نو اور بحالی اب پوری جمہوری دنیا کا مشترکہ فریضہ ہونا چاہیے۔

یوکرین کے صدر نے جنگ کے خاتمے کے بعد ملک کی تعمیر نو کے لیے ساڑھے سات ارب ڈالر کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کی تعمیر نو کے لیے ایسا ہی منصوبہ بنایا گیا تھا۔

اجلاس میں جنگ کے خاتمے کے فوری بعد یوکرین کی تعمیر نو کے آغاز سے متعلق تجاویز پیش کی گئی اور ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر زور دیا گیا جس سے جنگ زدہ ملک کے زخموں کو بھرا جا سکے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔