آئی ایم ایف کے پاس دیوالیہ ملک کی حیثیت سے جائیں گے، سری لنکن وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 5 جولائی 2022
آئی ایم ایدف کے ساتھ معاہدہ اگست تک طے پاجانے کا امکان ہے، فوٹو: فائل

آئی ایم ایدف کے ساتھ معاہدہ اگست تک طے پاجانے کا امکان ہے، فوٹو: فائل

کولمبو: سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے اور اب ہمیں اسی حیثیت کے ساتھ آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے وزیراعظم نے پارلیمنٹ سے خطاب میں اعتراف کیا کہ ملک دیوالیہ ہوگیا اور آئندہ برس بھی مشکلات کا سامنا رہے گا۔ دیوالیہ ملک کی حیثیت سے آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے۔

وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے مزید کہا کہ دیوالیہ ملک ہونے کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کو قرضوں کی ادائیگی کا ایک ٹھوس منصوبہ بھی بناکر دینا ہوگا جس پر آئی ایم ایف مطمئن ہوگیا تو اگست تک معاہدہ طے پانے کی امید کی جاسکتی ہے۔

سری لنکا کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کئی ماہ سے بد ترین معاشی بحران کا شکار ہیں اور آئندہ ماہ بھی مشکلات کا سامنا رہے گا۔ ہم نے ملکی کرنسی کو کم سے کم چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ شدید مالی بحران کے شکار ملک سری لنکا کو آئی ایم ایف نے گزشتہ ہفتے ہی قرضوں کے معاہدے پر مزید کام کرنے کا کہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔