اوکاڑہ کے نوجوان کا آئندہ سال پیدل سفر حج کا اعلان
عثمان ارشد نے گزشتہ سال پُرامن پاکستان کیلئے اوکاڑہ سے پاک چائنہ بارڈر تک 1270 کلومیٹر پیدل سفر کیا تھا
اوکاڑہ کے باہمت نوجوان عثمان ارشد نے اگلے برس حج کیلئے اوکاڑہ سے مکہ مکرمہ تک پیدل سفر کرنے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے رہائشی نوجوان عثمان ارشد نے اوکاڑہ سے مکہ مکرمہ تک حج کے تک پیدل سفر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے عثمان ارشد کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ سال پُرامن پاکستان کیلئے اوکاڑہ سے پاک چائنہ بارڈر تک 1270 کلومیٹر پیدل سفر کیا تھا اور یہ فاصلہ 34 دنوں میں طے ہوا تھا۔
عثمان ارشد کا کہنا ہے کہ اب وہ ایک اور ریکارڈ قائم کرنا چاہتے ہیں اور حج 2023 کیلئے وہ اوکاڑہ سے مکہ تک پیدل سفر کریں گے لیکن اِس سفر میں مجھے ویزوں کے مسائل درپیش ہیں، جن کو گورنمنٹ ہی حل کروا سکتی ہے، خاص طور پر وزارت خارجہ سے تعاون کی اپیل کی ہے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالے سے وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کریں۔
عثمان ارشد کا کہنا ہے مکہ مکرمہ تک سفر کے لئے انہیں ایران، عراق، کویت سے گزرنا ہوگا، عراق اور کویت کا ویزہ نہیں ملتا ہے لیکن اگر حکومت چاہے تو انہیں ویزا مل سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا پیدل سفر ہو گا تو اِس لئے اِس میں کچھ اور معاملات بھی ہیں۔
پاکستانی نوجوان نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ 2013 میں بوریوالا سے تین لوگ پیدل حج کیلئے گئے تھے، اُن کے ویزے بھی اس وقت کی حکومت نے لگوائے تھے۔
عثمان ارشد کا مزید کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے لوگ اِس سال پیدل حج کیلئے مکہ پہنچے ہیں، ابھی انڈیا سے ایک لڑکا حج 2023 کیلئے پیدل نکلا ہوا ہے اور اُس نے پاکستان سے گزر کر جانا ہے، تو پھر پاکستانی گورنمنٹ کیوں اپنے لوگوں کا ساتھ نہیں دیتی ہے۔