پاک فوج نے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف اور ساتھی کو بحفاظت ریسکیو کرلیا

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جولائی 2022
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

غذر: پاک فوج نے نانگا پربت چوٹی سر کرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف اور ساتھی کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شہروز کاشف اور فضل علی کو نانگا پربت سے بحفاظت گلگت پہنچا دیا گیا، پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹرز نے  پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں کو نانگا پربت بیس کیمپ سے جگلوٹ پہنچا دیا۔

دونوں کوہ پیماؤں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی طبیعت کو اطمینان بخش قرار دیا اور کسی بھی خدشے کے پیش نظر تھوڑی دیر کی لیے نگرانی میں رکھا۔

A-shahroz

واضح رہے کہ ایک روز قبل شہروز کاشف کے والد نے بتایا کہ شہروز اور انکے ساتھی چوتھے سے تیسرے بیس کیمپ پر آتے دکھائی دیئے ہیں، دونوں کوہ پیماؤں کی کسی نے مدد نہیں کی۔

کاشف سلمان کا کہنا تھا کہ نانگا پربت سر کرنے کے بعد کل شام 7 بجے شہروز کا بیس کیمپ ٹریک سے رابطہ ختم ہوگیا تھا۔ بیٹے کے حوالے سے پریشان والد نے سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے کو آرمی ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کرنے کی بھی اپیل کی تھی۔

مزید پڑھیں: کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف نے نانگاپربت چوٹی سر کرلی

قبل ازیں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے معروف کوہ پیما شہروز کاشف اور ساتھی کے نانگا پربت پر پھنس جانے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ کو فوری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لئے آرمی ایوی ایشن سے بھی مدد طلب کرنے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے سیلاب کی صورت حال اور پھنسے کوہ پیماؤں کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی مانیٹرنگ کے لئے فوری طور پر محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔