جب آڈیو لیک آئی تو عمران خان کو بتانا یاد آگیا، وفاقی وزیر اطلاعات

ویب ڈیسک  بدھ 6 جولائی 2022
عمران خان کو بتانا تھا تو ان کے پاس چار سال تھے، اب جب ان کے خلاف ثبوت آئے ہیں تو کیا بتائیں گے، مریم اورنگزیب

عمران خان کو بتانا تھا تو ان کے پاس چار سال تھے، اب جب ان کے خلاف ثبوت آئے ہیں تو کیا بتائیں گے، مریم اورنگزیب

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ عمران خان اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں اسی لئے وہ ایسی گفتگو کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان ذہنی حالت پر تشویشناک ہو چکی ہے، وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں اسی لئے وہ ایسی گفتگو کر رہے ہیں،

یہ بھی پڑھیں: قوم کا نقصان نہ ہو اس لیے خاموش ہوں دیوار سے لگایا تو سب بتادوں گا، عمران خان

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ڈھونگ رچا کر اور دھوکہ دے کر پاگل بنا ہوا ہے، یہ وہی شخص ہے جو کہتا تھا کہ مجھے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا ٹی وی سے پتہ چلتا ہے، یہ کہتا تھا کہ میں حکومت میں آلو، پیاز، ٹماٹر کے نرخ مانیٹر کرنے نہیں آیا، کل یہ کہہ رہے تھے کہ میں بتا دوں گا کہ کس طرح حکومت آئی ہے، جب بھی ان کے خلاف کوئی ثبوت، خبر، کرپشن کا سکینڈل آتا ہے تو انہیں بتانا یاد آ جاتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان آر ٹی ایس کو بٹھا کر اور عوام کا مینڈیٹ چوری کر کے وزیراعظم بنا، چار سال اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، عمران خان نے ہر نکتہ پر افراتفری پھیلانے کی کوشش کی، آتے ہی سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنا شروع کیا، عمران خان عوام کو بتائیں کہ رانا ثناء اللہ پر دو کلو ہیروئن کا پلان کس طرح بنایا تھا؟۔

مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ عوام کو بتائیں کہ شہباز شریف پر جھوٹے مقدمات قائم کر کے انہیں جیلوں میں کس طرح ڈالا، پھر ڈیوڈ روز کو بلا کر وزیراعظم ہائوس کے کمرے میں بٹھا کر کس طرح سازش کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی؟، عوام کو بتائیں کہ شہباز شریف کے خلاف انہوں نے نیشنل کرائم ایجنسی سے رابطہ کیا اور عدالتوں میں ثبوت پیش نہیں کر سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عوام کو بتائیں کہ شہزاد اکبر کی سربراہی میں کس طرح ایسٹ ریکوری یونٹ ایسٹ میکنگ یونٹ بنا، کس طرح نیب کو استعمال کر کے کاروباری افراد کو تنگ کیا، ایف آئی اے کو استعمال کر کے کس طرح چار سال سیاسی انتقام لیا جاتا رہا۔

 

انہوں نے کہا کہ عوام کو بتائیں کہ عدم اعتماد کے ڈر سے کس طرح پٹرول پر سبسڈی دے کر معاشی سرنگیں بچھائیں، عمران خان نے حمزہ شہباز کو 22 مہینے جیل میں رکھا اور ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، آج کہتے ہیں کہ پوری کابینہ ضمانت پر ہے، وہ اس لئے ہے کہ آپ نے جھوٹے مقدمے بنائے، ان کا مقصد یہی تھا کہ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالو،

مریم اورنگزیب نے پوچھا کہ عمران خان فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کی ہیروں، زمینوں، تقرریوں کے بارے میں ٹرانزیکشن کا بتائیں، جب آڈیو لیک آئی تو عمران خان کو بتانا یاد آ گیا، جب بھی ان کے کرپشن کے ثبوت آتے ہیں تو انہیں بتانا یاد آ جاتا ہے، بشریٰ بی بی اداروں کے خلاف مہم چلانے کی ہدایت دیتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف جب کرپشن کے ثبوت سامنے آئیں توں وہ لوگوں پر غداری کے مقدمے بناتے ہیں، زمینی حقائق یہ ہیں کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کی ہدایت پر 28 مارچ کو سائفر نکالا، اسے غدداری سے منسلک کرنے کیلئے بیانیہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی، عمران خان کو بتانا تھا تو ان کے پاس چار سال تھے، اب جب ان کے خلاف ثبوت آئے ہیں تو وہ عوام کو کیا بتائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔