قومی اقتصادی کونسل نے حیدر آباد تا سکھر موٹر وے کی تعمیر کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 6 جولائی 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل نے  308 ارب اُنیس کروڑ چالیس لاکھ روپے مالیت سے حیدرآباد سکھر موٹر وے کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے ۔

قومی اقتصادلی کونسل کی انتظامی کمیٹی(اکنک)نے بلٹ آپریٹ ٹرانسفر(بی او ٹی)کی بنیاد پر دیگر چاروں صوبوں میں بھی اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ہونے والے اکنک کے اجلاس میں منظور کئے جانے والے حیدرآباد سکھر موٹر وے کی تعمیر کے منصوبے کے متعلق شرکاء کو بتایا گیا کہ منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت میں حکومتی شیئر 103 ارب روپے ہوگا جس میں ساڑھے نو ارب روپے کیپٹل وی جی ایف کے طور پر ،30 کروڑ روپے این ایچ اے اسٹیبلشمنٹ چارجز کے طور پر اورپچاس کروڑ روپے ہنگامی حالات کے طور پر شامل ہیں۔

منصوبے کی منظوری تمام ضابطہ اخلاق کی تکمیل اور قومی اسمبلی سے قانون سازی کی منظوری سے مشروط ہے، ایکنک نے سترہ ارب 37 کروڑ روپے سے زائد مالیئت کے لاہورسیالکوٹ موٹروے لنک ہائی وے (04-لین) کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری بھی دی یدی،منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والی لاہور سیالکوٹ موٹر وے لنک ہائی وے نارنگ منڈی اور کرتار پور نارووال سے ملاتی ہے جس میں نارووال ایسٹرن بائی پاس بھی شامل ہے۔

نظرثانی شدہ منصوبے میں کرتارپور کو لاہور سیالکوٹ موٹروے اور ننکانہ سے ملانے والے 73 کلومیٹر طویل 04 لین والے ڈوئل کیرج وے کی بحالی، دوہری کاری اور تعمیر کا تصور کیا گیا ہے۔

ایکنک نے25 ارب پچاس کروڑ روپے مالیئت کے پنجاب اربن لین سسٹمز انہانسمنٹ پروجیکٹ کی بھی منظوری دیدی ہے،منصوبے سے پورے پنجاب میں ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ سمیت کیڈسٹرل میپنگ تیار کی جا سکے گی،

قومی اقتصادلی کونسل کی انتظامی کمیٹی(اکنک) نے سولہ ارب اڑتالیس کروڑ اکیانوے لاکھ روپے سے زائد مالیئت کے ورسک روڈ سے ناصر باغ روڈ تک رنگ روڈ کے شمالی حصے (مسنگ لنک) کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دیدی ہے ،یہ منصوبہ مکمل فنڈڈ منصوبہ ہے اور خیبر پختونخواہ کی حکومت کی طرف سے اس منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

ایکنک نے تیرہ ارب چوبیس کروڑ تھہتر لاکھ روپے سے زائد مالیئت کے بلوچستان میں مانگی ڈیم کی تعمیر کے نظرثانی شدہ منصوبے کی بھی منظوری دیدی ،61 میٹر اونچے کنکریٹ گریویٹی ڈیم میں مجموعی ذخائر کی گنجائش 36.4 MCM اور سالانہ ریلیز 13.4 MCM ہے۔

اقتصادی کونسل نے کراچی میں دو منصوبوں کی منظوری بھی دی جس میں “اورنگی نالے کی بحالی اور بحالی” اور “گجر نالے کی بحالی اور تجدید کاری” شامل ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔