کراچی میں ڈاکو راج، ایک گھنٹے میں 6 وارداتیں، شہری قتل، 5 زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جولائی 2022
ڈاکو شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر اشیا چھین کر فرار ہوگئے (فوٹو فائل)

ڈاکو شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر اشیا چھین کر فرار ہوگئے (فوٹو فائل)

 کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بدھ کی شب ڈاکوؤں نے ایک گھنٹے کے دوران لوٹ مار کی وارداتوں کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو ہلاک اور 5 کو زخمی کر دیا۔

کورنگی ضیا کالونی ضیا موڑ کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے، مقتول کی شناخت 28 سالہ زاہد حسین ولد دولت خان کے نام سے ہوئی۔  سچل کے علاقے صفورا، سعدی ٹاؤن بلاک 6 میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو گولی مار کر زخمی کر دیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے ۔ زخمی کی شناخت ممتاز ولد حاجی خان کے نام سے ہوئی۔

سائٹ سپرہائی وے انڈسٹریل ایریا کے علاقے گلشن معمار گبول گوٹھ اے 25 منی بس اسٹاپ کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا، جس کی شناخت 40 سالہ عبد القادر ولد خان محمد کے نام سے ہوئی۔ زخمی پولیس اہلکار ہے اور پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد میں لوئرکورس کر رہا ہے ۔

کورنگی 4 نمبرغوث پاک روڈ بدھ بازار کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے نوجوان کو زخمی کر دیا اور  نقدی و موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔  زخمی کی شناخت 16 سالہ وقاص ولد محمد فرقان کے نام سے کی گئی ۔کلاکوٹ تھانے کی حدود لیاری چاکیواڑہ نمبر 2 جھٹ پٹ مارکیٹ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر  فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے۔ زخمی کی شناخت 26 سالہ اویس ولد عتیق کے نام سے کی گئی ۔

مومن آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن N-4 منی بس اسٹاپ نورانی محلہ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو زخمی کر دیا اور نقدی و موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ زخمی کی شناخت 30 سالہ جاوید ولد حبیب الرحمان کے نام سے کی گئی ۔  پولیس نے تمام واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔