اسد عمر ضمنی انتخابات میں یقینی شکست دیکھ کر الزامات لگارہے ہیں عطا تارڑ

آر ٹی ایس بٹھا کر خود حکومت بنانے والی جماعت کو دھاندلی کے الزامات زیب نہیں دیتے، وزیر داخلہ پنجاب


ویب ڈیسک July 08, 2022
آر ٹی ایس بٹھا کر خود حکومت بنانے والی جماعت کو دھاندلی کے الزامات زیب نہیں دیتے، وزیر داخلہ پنجاب (فوٹو : فائل)

صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسد عمر نے ضمنی انتخابات میں یقینی شکست دیکھ کر الزامات لگانے شروع کردیے ہیں، آر ٹی ایس بٹھا کر حکومت بنانے والی جماعت کو دھاندلی کے الزامات زیب نہیں دیتے۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ اسد عمر کی طرف سے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے بیان کی پُرزور مذمت کرتا ہوں، اسد عمر نے پریس کانفرنس میں اپنی بے بسی اور لاچاری کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے گروپس ٹوٹ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، تحریک انصاف کا گراف دن بدن نیچے آ رہا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی مہم میں دن بدن تیزی آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا پنجاب حکومت پر قبل از انتخابات دھاندلی کا الزام

عطا تارڑ نے کہا کہ اسد عمر نے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر الزامات لگانا شروع کر دیے لیکن ایک جگہ بھی دھاندلی کے ثبوت پیش نہ کر سکے، اپنی یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے انہوں نے دھاندلی کے الزامات لگانے شروع کر دیے، الیکشن سے فرار اختیار کرنے کے لیے بہانے بنائے جارہے ہیں۔

(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ اس جماعت نے خود ڈسکہ اور وزیر آباد الیکشن میں دھاندلی کے ریکارڈ توڑے اور الزامات دوسروں پر لگا رہے ہیں، یہ تو بیلٹ پیپر چھین کر بھاگنے والی جماعت ہے، آر ٹی ایس بٹھا کر خود حکومت بنانے والی جماعت کو دھاندلی کے الزامات زیب نہیں دیتے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں