امریکا سے دشمنی نہیں بس برابری کا تعلق چاہتے ہیں عمران خان
امریکا کو شہباز شریف جیسے بوٹ پالش کرنے والے لوگ پسند ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی
BEIJING:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا سمیت کسی سے دشمنی نہیں چاہتے بس برابری کا تعلق چاہتے ہیں لیکن واشنگٹن چاہتا ہے کہ ہم اس کی غلامی کریں۔
فیصل آباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکا کو شہباز شریف جیسے بوٹ پالش کرنے والے لوگ پسند ہیں، زرداری اور شریف خاندان 32 سال سے ہاتھ پھیلا کر بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور زرداری میں غیرت ہوتی تو وہ بھیک نہ مانگتے، کیا عزت رہ جاتی ہے پاکستانیوں کی جب ہمارے حکمران باہر جا کر پیسا مانگتے ہیں، قوم 17 جولائی کو دیکھنا چاہتی ہے کہ لوٹوں کو بلوں سے پھینٹا لگے۔
عمران خان نے کہا کہ کارکنوں کو پولنگ اسٹیشن پر پہرا دینا ہے، یہ لوگ دھاندلی کے بغیر جیت نہیں سکتے، شہباز شریف آپ نے بڑا احسان کیا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم کرکے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئی ایم ایف کا حکم ہے اس لیے یہ لوگ ڈیزل اور پیٹرول سستا نہیں کررہے، آئی ایم ایف نے ہمیں یہ بھی کہا تھا کہ چیزیں مہنگی کرو لیکن ہم نے نہیں کی، آخری گیند تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا۔
پی ٹی آئی جلسے میں بد انتظامی
پی ٹی آئی کے جلسے میں معمولی بد نظمی کا واقعہ بھی پیش آیا۔ کارکنوں نے کاروٹیں عبور کرکے خواتین کے پنڈال میں داخلے کی کوشش کی تو پولیس اور پی ٹی آئی اتنظامیہ نے لاٹھی چارج کیا۔
علاوہ ازیں ناقص انتظامات کے باعث خواتین کارکن ہجوم میں پھنس گئیں لیکن پولیس نے خاتون کو باحفاظت خواتین کے پنڈال میں پہنچا دیا۔