بچے کو گڑھے سے نکالنے میں ناکامی پر ہتھنی صدمے سے بےہوش
محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار ہتھنی کو سی پی آر دیکر ہوش میں لائے
ماں چاہے جانور کی ہو انسان کی، ممتا کا کوئی مول نہیں ہوتا کیوں کہ ماں اپنی اولاد کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی اور مشکل ترین حالات میں بھی مدد کرتی ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ تھائی لینڈ کے نیشنل پارک میں پیش آیا جہاں ایک ہتھنی گڑھے میں گرے اپنے بچے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے اور گڑھے سے نہ نکال پانے پر بے ہوش ہوجاتی ہے۔
ہتھنی کے بے ہوش ہونے اور محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں کی جانب سے ہتھنی کو سی پی آر دے کر جگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہتھنی کا بچہ ایک گڑھے میں گرا شور مچا رہا ہے، بے بس ہتھنی مدد نہ کر پانے کی صورت میں اپنے بچےکو روتا دیکھ کر گڑھے میں ہی بےہوش ہوگئی۔
ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ ریسکیو ٹیم ہتھنی کو کرین کی مدد سے گڑھے سے باہر نکالتی ہے اور مصنوعی تنفس کے ذریعے اسے بچانے کی کوشش کرتی ہے۔
اس دوران بچے کو گڑھے سے باہر نکالا جاچکا ہے جو ریسکیو ٹیم کے ہمراہ اپنی ماں کو جگانے کی بہت کوشش کرتا ہے اور باالآخر ہتھنی اپنے بچے کی موجودگی کا احساس ہوتے ہی ہوش میں آتی ہے اور بچے کے ہمراہ جنگل میں واپس چلی جاتی ہے۔