وفاقی حکومت کا قومی روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

این این آئی  پير 18 جولائی 2022
وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ٹاسک فورس تشکیل دیدی۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ٹاسک فورس تشکیل دیدی۔ فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی حکومت کی جانب سے بے روزگار نوجوانوں کیلئے سرکاری اور نجی ملازمتیں پیدا کرنے کیلیے قومی روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،پروگرام کے تحت سالانہ 20لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے روزگار پروگرام کو فعال بنانے کیلیے نیشنل یوتھ ٹاسک فورس تشکیل دیدی ہے جو روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر ملک بھر کے دورے کرے گی، وزیر اعظم شہباز شریف ٹاسک فورس کی کارکردگی خود مانیٹر کریں گے۔ٹاسک فورس وفاقی اور صوبائی وزارتوں، نجی کمپنیوں اور چیمبرز آف کامرس سے بھی رابطے کرے گی۔

اس سلسلے میں وزیراعظم نیشنل یوتھ پروگرام بھی کاروبار کیلیے قرض اور تربیتی کام تیز کرے گا۔واضح رہے کہ قومی یوتھ پروگرام نے ایک لاکھ نوجوانوں کو ہائی ٹیک اور کنوینشنل ٹریننگ دینے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، جس کے تحت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبا کیلئے فنی تربیت، اورجدید آئی ٹی کورسز شروع کئے جائیں گے۔

ٹاسک فورس بیرون ملک نوکریوں کے حصول کے لئے بھی مختلف ممالک سے رابطے شروع کرے گی۔ وزارت اوورسیز کے ذیلی اداروں کو ایشیائی و یورپی ممالک میں روزگار کے حصول کا ہدف دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔