ملک میں امن کے قیام پر عمران خان اور ہمارا موقف ایک ہی ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  بدھ 12 مارچ 2014
وزیراعظم نوازشریف بغیر کسی پروٹوکول کے عمران خان کی رہائش گاہ پہنچے۔ فوٹو؛ این این آئی

وزیراعظم نوازشریف بغیر کسی پروٹوکول کے عمران خان کی رہائش گاہ پہنچے۔ فوٹو؛ این این آئی

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف  تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے کپتان کو آئندہ مذاکراتی حکمت عملی پر اعتماد میں لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف بغیرکسی پروٹوکول کے  وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عرفان صدیقی اور پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی کے ہمراہ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا پہنچے جہاں عمران خان نے ان کا استقبال کیا جب کہ ان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، مخدوم جاوید ہاشمی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کے دوران طالبان کے ساتھ مذاکرات سے متعلق امور اور آئندہ ہونے والے مذاکرات پر حکومتی حکمت عملی پر عمران خان اور ان کی جماعت کو اعتماد میں لیا جب کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے نئی کمیٹی کی تشکیل اور اراکین سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے عمران خان سے کہا کہ آپ نے مجھے مشورے کے لیے بلایا جس پر میں خود آپ کےپاس آگیا اور میں یہاں پاکستان کےلیے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور پاکستان کے مفاد میں ہم سب مل کر فیصلے کریں گے، ملک میں امن کا قیام ہمارا مشترکہ موقف ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔