سیکڑوں افراد نے ایک ساتھ سلائم بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 جولائی 2022
مانٹریال میں 491 طلبا و طالبات نے ایک ساتھ سلائم بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے (فوٹو: بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ)

مانٹریال میں 491 طلبا و طالبات نے ایک ساتھ سلائم بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے (فوٹو: بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ)

مانٹریال: سیکڑوں افراد نے لیس دار جیلی نما مادہ بنا کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے جس کی تصدیق خود گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کی ہے۔

مانٹریال سائنس سینٹر میں دنیا میں سلائم بنانے کی سب سے بڑی کلاس منعقد کی گئی جس میں کل 491 افراد نے استادوں کی دی گئی ہدایات کے تحت کھیلنے کا لیس دار مادہ سلائم بنایا۔ اس کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی اس عمل کو تصدیقی سند دی ہے۔

مانٹریال سائنس سینٹر میں اس کا عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں سلائم سازی کے ایک ماہر یانک برگرون نے لوگوں کو سلائم بنانے کا طریقہ بتایا اور ساتھ میں اس میں پوشیدہ سائنسی اصول بھی بیان کئے۔

اس کے لیے تمام شرکا کو تحریری طور پر واضح ہدایات بھی دی گئی تھیں جن پر عمل کرنا ضروری تھا۔ اس طریقے سے بہتر سلائم بنانا قدرے آسان ہوجاتا ہے۔

سلائم ایک طرح کی پالیمر ہوتی ہے اور اسے بنا کر بچوں کو پالیمیر کی افادیت کے متعلق بہت کچھ سمجھایا جاسکتا ہے۔ شرائط کے مطابق ہر طالب علم کو آخر میں سلائم ضرور تیار کرنا تھا لیکن ضروری تھا کہ 90 فیصد افراد سلائم تیار کرلیں کیونکہ منتظمین کو خدشہ تھا کہ اگر سلائم نہیں بنی، بچے تھک جائیں یا پھر کوئی اور مسئلہ ہوجائے تو پھر کیا ہوگا؟ ان ہی  شبہات کے سائے میں مقابلے کا اعلان کیا گیا۔

تاہم سب کچھ ٹھیک ہوگیا اور 491 افراد نے دستیاب سامان اور کیمیکل کی مدد سے دیئے گئے وقت میں سلائم تیار کی اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔