16 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، دکان کا مالک خود ماسٹر مائنڈ نکلا

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 جولائی 2022
ملزمان نے ڈکیتی کا ڈراما کرتے ہوئے خوف پھیلانے کیلیے فائرنگ بھی کی، پولیس (فوٹو فائل)

ملزمان نے ڈکیتی کا ڈراما کرتے ہوئے خوف پھیلانے کیلیے فائرنگ بھی کی، پولیس (فوٹو فائل)

 لاہور: ڈیفنس  بی کے علاقے میں ہونے والی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا۔ دکان کا مالک خود ہی واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس بی میں گزشتہ روز موبائل شاپ کے مالک کے ساتھ ہونے والی 16 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس نے واردات کے ماسٹر مائنڈ دکان مالک کو 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے ایزی پیسہ کی رقم خورد برد کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈراما رچایا۔ ایف آئی آر 1234/22 کے مطابق دکان مالک عاقب اپنے ملازم کے ہمراہ 16 لاکھ کی رقم بینک میں جمع کروانے جا رہا تھا جب کہ ڈبے میں نقدی موجود نہ تھی۔دکان مالک کے 2 ساتھیوں نے منصوبے کے تحت ڈکیتی کا ڈراما کیا اور خوف پھیلانے کے لیے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈکیتی کی واردات اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے ملزمان کو فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کینٹ پولیس نے 24 گھنٹوں میں واردات کے ملزمان کو گرفتار کیا، جنہوں نے دوران تفتیش ڈکیتی کا ڈراما کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ملزمان سے خورد برد کی گئی رقم، موبائل فونز، موٹر سائیکل اور ہوائی فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمدکرلیا گیا۔

ملزمان میں دکان مالک عاقب اور ملازمین حسین، ندیم اور نقاش شامل ہیں، جنہیں تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او ڈیفنس بی اور ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔