طالبان کا سیکیورٹی اداروں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام

طاہر خان / نیٹ نیوز  جمعرات 13 مارچ 2014
. فوٹو: فائل

. فوٹو: فائل

اسلام آ باد: تحریک طالبان پاکستان نے سیکیورٹی اداروں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف علاقوں گرفتاریوں، چھاپوں، گولہ باری اور قیدیوں پر تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سلسلہ مذاکراتی عمل کیلیے پیدا کردہ بہتر ماحول کو متاثر کر رہا ہے ۔

بدھ کو تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ نے اپنے بیان میں کہاکہ تحریک طالبان سیز فائر کا مکمل احترام کررہی ہے اور احرار الہند و جنداللہ جیسے گروپوں سے لاتعلقی کا اظہار بھی کیا تاہم حکومت میں بعض عناصر مذاکرات کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے عناصر کو قابو کرکے ان کی سرزنش کرے۔ شاہد اللہ شاہد نے کہاکہ تحریک طالبان مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کیلیے سنجیدہ کوششیں کرے گی اور ٹی ٹی پی کے کسی ممبر کو جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کرنے دے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت بھی مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا نوٹس لے گی تاکہ ڈائیلاگ کے عمل کا نتیجہ خیز اختتام ہو۔ ترجمان نے الزام لگایا کہ کراچی اور غلنئی، مہمند ایجنسی میں ہمارے قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایاگیا جبکہ ہمارے قیدیوں کو غیر ضروری طور پر کراچی سینٹرل جیل سے اندرون سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی جیلوں میں منتقل کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے قیدیوں کے لواحقین کو کیسوں کی پیروی اور ان سے ملاقات میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہم ایسے فیصلوں کے پیچھے منطق کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔