اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسٹمز عملے کی کرپشن پکڑی گئی

قطر سے اسلام آباد آئے شہری سے گیمنگ ڈیوائس کے عوض رشوت طلب، شہری نے معاملہ نیب اور کسٹم کو ارسال کردیا


ویب ڈیسک August 01, 2022
(فوٹو:فائل)

قطر سے اسلام آباد آنے والے شہری نے ایئرپورٹ عملے کی کرپشن پکڑلی، گیمنگ ڈیوائس کے عوض رشوت مانگنے کا کیس شہری نے نیب، کسٹمز اور متعلقہ اتھارٹیز کو ارسال کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر کرپشن کا سلسلہ تاحال تھم نہ سکا، دوحا قطر سے مسافر گیمنگ کنسول پلے اسٹیشن فائیو لایا جو کسٹمز عملے کے ہتھے چڑھ گیا، عملے نے مسافر کو 69 ہزار کا ٹیکس بتا کر 25 ہزار روپے مبینہ رشوت مانگ لی۔

مسافر فوج کا سابق میجر نکلا جس نے رشوت دینے سے انکار کیا تو کسٹمز اہل کار نے برملا کہہ دیا کہ سابق صدر سے تو کم از کم بہتر ہوں۔ متاثرہ مسافر نے تمام واقعہ پر ویڈیو بیان جاری کرکے معاملہ نیب اور کسٹمز حکام اور متعلقہ اتھارٹیز کو ارسال کردیا۔

مسافر نے بیان میں کہا کہ ذاتی استعمال کے لائے جانے والے پلے اسٹیشن پر کسٹمز ڈیوٹی کا علم نہیں تھا، کسٹمز ڈیوٹی تین سو ڈالر بتائی گئی لیکن اہلکار نے کہا کہ 25 فیصد چھوٹ ہے تو جس پر ڈیوٹی 52 ہزار بنی، 52 ہزار کیش ڈیوٹی دینا چاہی تو دوسرا سینئر آفیسر وہاں آگیا اور بھرے ائیرپورٹ پر کمرے میں لے گیا۔

مسافر نے بتایا کہ آفیسر نے کمرے میں جاکر 25 ہزار روپے طلب کیے، رقم دینے پر کہنے لگا کہ آپ جائیں اور انجوائے کریں تب احساس ہوا کہ وہ رشوت لے رہا ہے، میں نے پاکستان کو بدنام کرنے والے ایسے عناصر کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کے تمام ثبوت جمع کرکے تمام معاملہ متعلقہ اتھارٹیز کے علم میں لایا تو رشوت لینے والا اہلکار معافی کے لیے رابطے کرنے لگا۔

مسافر نے کہا کہ ائیرپورٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں، مصروف ترین ائیرپورٹ پر ملک کو بدنام کرنے والوں کو سزا دلانے کے لیے آخری حد تک جاؤں گا۔

 


 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں