بھارت میں عامر خان کی نئی فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ

ویب ڈیسک  پير 1 اگست 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی نئی فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کے ریلیز سے قبل بائیکاٹ کا مطالبہ سامنے آگیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار کے 2015 میں دیے گئے انٹرویو کی بنیاد پر ایک مخصوص طبقہ ان کی مخالف کررہا ہے جس میں عامر نے کہا تھا کہ بھارت میں عدم برداشت پروان چڑھا ہے۔

بھارتی اداکار کے دوٹوک مؤقف اپنانے اور حقیقت کی ترجمانی کرنے پر مخصوص طبقہ انہیں پسند نہیں کرتا اسی سبب وہ اکثر ان کے نئے پروجیکٹس کے خلاف سوشل میڈیا پر ناکام مہم چلاتے ہیں تاکہ کسی بھی طرح عامر خان کی کردار کشی کرکے فلم کو ناکام بنایا جاسکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ’’بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا‘‘ کا ٹرینڈ چلایا گیا۔

عامر خان نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں بھارت کو پسند نہیں کرتا اور یہ ایک غلط خیال ہے، میں اپنے وطن سے محبت کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کی نئی فلم لال سنگھ چڈھا 11 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔