ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کشید کرنے والی گاڑی کا ڈیزائن پیش

ویب ڈیسک  جمعرات 4 اگست 2022
زیم نامی یہ برقی گاڑی نیدرلینڈز کی اینڈھووین یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے انجینئرز کی ٹیم نے بنائی ہے(فوٹو : انٹرنیٹ)

زیم نامی یہ برقی گاڑی نیدرلینڈز کی اینڈھووین یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے انجینئرز کی ٹیم نے بنائی ہے(فوٹو : انٹرنیٹ)

آئنڈہووین: سڑک پر چلنے والی ٹرانسپورٹ عالمی سطح پر ہونے والے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تقریباً 16 فی صد کا حصہ ڈالتی ہے لیکن اب ایک یونیورسٹی کی ٹیم نے ایسی گاڑی کا خیال پیش کیا ہے جو اس اخراج کو کشید کرسکے گی۔

طلبا انجینئروں نے اپنی دنیا کی پہلی کاربن نیوٹرل کار کا ڈیزائن پیش کیا ہے جو دورانِ سفر ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو کشید کر کے اپنے اندر ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

گاڑی کے سامنے لگی گرِل سے ہوا گزر کر ایک فِلٹر سے گزرتی ہے جو ہوا اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کو علیحدہ کر کے ذخیرہ کر لیتا ہے۔

زیم نامی یہ برقی گاڑی نیدرلینڈز کی آئنڈہووین یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے انجینئرز کی ٹیم نے بنائی ہے۔ اس گاڑی کے نمونے میں اس کی چھت اور بونٹ پر شمسی توانائی کے پینل بھی نصب کیے گئے ہیں جو اسے بیرونی بیٹری کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔

ٹیم منیجر لوئی ڈی لاٹ کا کہنا تھا کہ ہم دورانِ سواری ہوا کو صاف کر رہے ہیں اور ہمارا مقصد مکمل طور پر کاربن ڈائی آکسائیڈ نیوٹرل بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک خیال ہے لیکن ہم یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ہم آئندہ برسوں میں اس کے فلٹر کی صلاحیت کو بڑھا سکتے ہیں۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو کشید کرنا اخراج کا بطور ازالہ لازمی ہے۔

زیم کا فلٹر تقریباً 200 میل کا فاصلہ طے کرنے کے بعد دوبارہ خالی کرنا پڑتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔