پریانکا کی پناہ گزین یوکرینی بچوں سے ملاقات، اداکارہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں

ویب ڈیسک  بدھ 3 اگست 2022
اداکارہ ان دنوں پولینڈ میں یوکرینی پنا گزینوں  سے ملاقات کر رہی ہیں(فائل فوٹو)

اداکارہ ان دنوں پولینڈ میں یوکرینی پنا گزینوں سے ملاقات کر رہی ہیں(فائل فوٹو)

پولینڈ: حال ہی میں سیروگیسی کے زریعے ماں بننے والی پریانکا چوپڑا  جنگ زدہ ملک یوکرین کے  بے گھر بچوں اور خواتین سے ملاقات کیلئے پولینڈ کے دورے پر ہیں۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سابق مس ورلڈ پریانکا  چوپڑا یونیسیف  کی عالمی خیرسگالی سفیر ہیں   اور ان دنوں وہ یوکرین پر روسی حملے کی وجہ سے بے گھر ہونے والے ہزاروں مردوں، عورتوں اور بچوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے   مختلف ممالک کے دورے کر رہی ہیں۔

اداکارہ ان دنوں پولینڈ کے دورے پر ہیں  انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ  پر  یوکرین کے بچوں کے ساتھ کھیلنے بات چیت کرنے اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

اداکارہ یوکرینی بچوں کی تکلیف دہ اور دُکھ بھری کہانی سُن کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں  اور ان کی آنکھوں میں آنسو اُبھر آئے۔

اداکارہ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’ان پناہ گزین بچوں کے ذہن پر جنگ کے گہرے اثرات پڑے ہیں، بہت سی خواتین اور بچوں سے ملاقات کی جو اس جنگ میں ہونے والی ہولناکیوں کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،‘۔


اداکارہ نے بتایا کہ یونیسیف  کی جانب سے پولینڈ اور خطے میں ماہرین نفسیات کی پنا ہ گزین ماؤں اور بچوں کی مدد کے لیے دستیاب ہیں۔

یونیسیف کی ایک رپورٹ کے مطابق جنگ زدہ ملک یوکرین میں روزانہ تقریباََ دو بچے جاں بحق ہوتے ہیں، یوکرین میں اس وقت  3 ملین سے زائد بچے جنگ سے متاثر ہو رہے ہیں جبکہ 2 ملین سے زائد دوسرے ممالک میں پناہ اختیار کئے ہوئے ہیں جن کی امداد کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔