امریکا کا خیبرپختونخواہ حکومت کو 36 ’ہیلتھ وہیکلز‘ کا تحفہ

ویب ڈیسک  جمعرات 4 اگست 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 پشاور: امریکا  کی طرف سے خیبرپختونخواہ میں صحت کی بہتر سہولیات  کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کو 36 ’ہیلتھ وہیکلز‘ کا تحفہ دیا گیاہے۔

ہیلتھ وہیکلز کی حوالگی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں  پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گاڑیاں صوبائی محکمہ صحت کے حوالے کیں۔

ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت یو ایس ایڈ کے ذریعے گاڑیوں کی فراہمی پر فخر محسوس کرتی ہے،یہ وہیکلز دور دراز مقامات پر درست اور بروقت معلومات فراہم کرنے اور صحت کے حکام کو باخبر رکھنے کے لیے بہتر طریقے سے لیس ہیں۔

امریکی سفیرکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے امریکی حکومت نے جو تعاون کیا ہے اس پر ہمیں فخر ہے، حکومت پاکستان کے ساتھ ہماری سات دہائیوں سے زیادہ طویل شراکت داری کی یہ تازہ ترین مثال ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ کوووڈ 19 کی وباء کے دوران امریکا نے پاکستانی عوام کو زندگی بچانے والی ویکسین کی 61 ملین سے زیادہ خوراکیں عطیہ کی ہیں۔  گزشتہ ہفتے، واشنگٹن ڈی سی میں یو ایس پاکستان ہیلتھ ڈائیلاگ کے افتتاح کے موقع پر امریکا نے کووڈ 19 ویکسین کی 16 ملین پیڈیاٹرک خوراکیں عطیہ کرنے کے باہمی معاہدے کا اعلان کیا۔

تقریب میں یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشلیمین اور یو ایس قونصل جنرل رچرڈ ایچ ریلی نے بھی شرکت کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔