ڈالر کی قدر میں کمی سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ قرض کی وجہ سے ہوئی، خبرایجنسی

رائٹرز  جمعرات 13 مارچ 2014
قرض وزیراعظم نواز شریف کی ذاتی ضمانت پر دیا گیا, سینئرپاکستانی اہلکار۔  فوٹو: فائل

قرض وزیراعظم نواز شریف کی ذاتی ضمانت پر دیا گیا, سینئرپاکستانی اہلکار۔ فوٹو: فائل

سعودی عرب نے وزیر اعظم نواز شریف کو ذاتی ضمانت پر پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا قرض دیا جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں تاریخی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو حالیہ ڈیڑھ ارب ڈالر کا قرض ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے، بیرونی قرضوں کی ادائیگی ، بڑے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے مکمل کرنے کے لیے دیا گیا۔ خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ ایک پاکستانی اہلکار نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر  بتایا  کہ یہ قرض وزیراعظم نواز شریف کی ذاتی ضمانت پر دیا گیا جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔

خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک اور اعلیٰ اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ رقم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے دوست ممالک کی جانب سے بنائے گئے “پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ” کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی ہے، مجموعی طور پر پاکستان کو 3 ارب ڈالر قرض دینے کا وعدہ کیا گیا جن میں سے حال ہی میں  750 ملین ڈالر ملے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر اب تک ڈیڑھ ررب ڈالر پاکستان کو مل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے ڈیرارب ڈالر کے قرض کے بعد 4 مارچ سے اب تک پاکستان میں ایک ڈالر 105.40 روپے سے کم  ہوکر 98 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔