بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اپنی بہن کے پیغام پر رو پڑے

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 اگست 2022
اکشے کمار گانوں کے ریالٹی شو میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے مدعو تھے۔ (فوٹو: فائل)

اکشے کمار گانوں کے ریالٹی شو میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے مدعو تھے۔ (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار اکشے کمار ریالٹی پروگرام ’’سپر اسٹار سنگر 2‘‘ کے دوران اپنی بہن الکا بھاٹیہ کا پیغام سننے پر آبدیدہ ہوگئے۔

اکشے کمار جو آج کل اپنی آنے والی فلم رکھشا بندھن کی پروموشن میں مصروف ہیں، گانوں کے ریالٹی شو میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے مدعو تھے، جہاں انھیں ان کی بہن الکا بھاٹیہ کا سرپرائز آڈیو پیغام سنایا گیا۔

چینل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وہ کلپ بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں اکشے کمار اپنی بہن کا پیغام سننے کے بعد آبدیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ کلپ میں پروگرام میں حصہ لینے والی ایک گلوکارہ کو بہن بھائی کی محبت کا گانا ’’پھولوں کا تاروں کا سب کا کہنا ہے‘‘ گاتے دکھایا گیا ہے جس کے فوری بعد اکشے کمار کی بہن الکا کی آواز میں ایک پیغام آتا ہے جسے سن کر اکشے کمار رونے لگتے ہیں۔

اکشے کمار کی بہن انھیں ’’راجو‘‘ کے نام سے پکارتے ہوئے پنجابی میں پیغام دیتی ہیں کہ ’’اچھا وقت ہو یا برا، تم ہمیشہ میرے ساتھ رہے۔ ایک بھائی کے ساتھ، باپ اور دوست کا رشتہ بھی تم نے ہمیشہ میرے لیے نبھایا ہے۔ ہر چیز کےلیے شکریہ‘‘۔

یہ آڈیو پیغام سننے کے بعد جذباتی ہوجانے والے اکشے کمار نے بتایا کہ ہم ایک چھوٹے سے گھر میں رہتے تھے، لیکن بہن کے آنے کے بعد ہماری زندگی بدل گئی۔ دنیا میں ایک بہن کے تعلق سے بڑا کوئی نہیں ہے۔ ایسا کوئی نہیں ہے جو ایک بہن سے زیادہ آپ کو پیار کرسکے۔

اکشے کمار کے یوں جذباتی ہونے کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ واضح رہے کہ اکشے کمار کی فلم ’’رکھشا بندھن‘‘ 11 اگست کو ریلیز ہوگی جس کی کہانی بھائی اور بہنوں کی محبت پر مبنی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔