سپریم کورٹ بار کا جسٹس سجاد علی شاہ کے عشائیے کا بائیکاٹ

عقیل افضل  ہفتہ 6 اگست 2022
سپریم کورٹ بار خلاف روایت  جسٹس سجاد کے اعزاز میں عشائیہ میں شرکت کرے گی اور نہ ہی خود عشائیہ دے گی ۔

سپریم کورٹ بار خلاف روایت جسٹس سجاد کے اعزاز میں عشائیہ میں شرکت کرے گی اور نہ ہی خود عشائیہ دے گی ۔

 اسلام آباد: سپریم کورٹ بار نے مبینہ طور پر جسٹس سجاد علی شاہ کے عشائیے کا بائیکاٹ کردیا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن خلاف روایت  سپریم کورٹ کے جج ،جسٹس سجاد علی شاہ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پرنہ تو ان کے اعزاز میں سپریم کورٹ کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کرے گی اور نہ ہی ان کے اعزاز میں خود عشائیہ دے سکے گی ۔

سپریم کورٹ میں جب بھی کوئی جج اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہوتا ہے تو پہلے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور اگلے روز سپریم کورٹ فاضل جج کے اعزاز میں عشائیہ دیتی ہے۔

اس حوالے سے سارا دن بائیکاٹ سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں کے بعد بار کے صدر اور سیکرٹری کو کال کی گئی تو انکے فون بند ملے۔

جس پر سپریم کورٹ بار کے ایک اہلکار سے  رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایاہے کہ 8اگست کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ساری ایگزیکیٹیو کمیٹی بیرون ملک جارہی ہے ،اس لئے ان کے لئے نہ تو سپریم کورٹ بار کے عشائیہ میں شرکت کرنا ممکن ہے اور نہ ہی عشائیہ دینا ۔

دوسری جانب سارا دن یہ اطلاعات گردش کرتی رہیں کہ سپریم کورٹ بار نے جسٹس سجاد علی شاہ کے عشائیہ کا بائیکاٹ کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔