کراچی: صدر بم دھماکے میں ملوث کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

 ہفتہ 6 اگست 2022
فوٹو انٹرنیٹ

فوٹو انٹرنیٹ

سی ٹی ڈی پولیس نے صدر بم دھماکے کے الزام میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کرکے اسلحہ، بارود اور لیپ ٹاپ برآمد کرلیا۔

ہفتے کو سی ٹی ڈی پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک دہشت گرد کراچی کے علاقے حب ریور روڈ پر پہنچا ہے جس پر پولیس نے چھاپہ مارکر شیراز احمد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ، بارود اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے صدر بم دھماکے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے۔ واقعے کے بعد فرار ہو کر بلوچستان میں روپوش ہوگیا تھا۔

سی ٹی ڈی کو شبہ ہے کہ ملزم کراچی میں تخریب کاری کے لیے آیا تھا۔ اس کے کراچی پہنچنے کی بروقت اطلاع مل گئی اور اسے گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے دیگر ساتھیوں کے بارے میں بھی انکشاف کیا ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گرفتار ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ سائیکل میں بارود شیراز احمد نے نصب کیا تھا

سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق 12 مئی 2022ء کو صدر کے علاقے میں بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس بم دھماکے کے الزام میں پہلے ہی تین ملزمان کو گرفتار کرچکی ہے اور اب اس ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔