پاکستان کی غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 اگست 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: پاکستان نے غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ایک پانچ سالہ بچی سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دفتر خارجہ (ایف او) کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جارحیت کا تازہ ترین سلسلہ ’بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے اور تل ابیب بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم، غیر قانونی اقدامات اور طاقت کا اندھا دھند استعمال کررہا ہے۔

مزیدپڑھیں: اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، 5سالہ بچی سمیت 15 فلسطینی شہید

دفتر خارجہ کی جانب سے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل پر زور دے کہ تل ابیب ’طاقت کے بے دریغ استعمال اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں‘ کو فوری طور پر بند کرے اور مزید کہا کہ جارحیت کو فوری طور پر روکنا  ’لازمی‘ ہے۔

وزیراعظم کا اظہار مذمت

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ پر تل ابیب کے فضائی حملے کو ’اسرائیلی دہشت گردی‘ قرار دی ہے۔

انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ اگر ظلم کا کوئی چہرہ ہوتا تو یہ اسرائیل ہی ہوتا جس نے نتائج کی پرواہ کیے بغیر فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔

عمران خان کا اظہار مذمت

علاوہ ازیں پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے اسرائیل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔