کامن ویلتھ گیمز، پاکستانی ریسلر شریف طاہر کو فائنل میں شکست، چاندی کا تمغہ جیت لیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 اگست 2022
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

برمنگھم: کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ریسلر شریف طاہر فائنل مقابلے میں بھارتی ریسلر نوین کے ہاتھوں 0-9 سے شکست کھا گئے۔

برمنگھم میں طلائی طمغے کے لیے کھیلے گئے 74 کلو گرام کیٹیگری کے ریسلنگ کے فائنل مقابلے میں پاکستانی ریسلر شریف طاہر بھارتی ریسلر کے خلاف مزاحمت نہ دِکھا سکے اور مقابلہ 0-9 سے ہار گئے۔

شکست کے بعد شریف طاہرکے حصے میں چاندی کا میڈل آیا۔ اس کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی جانب سے جیتے گئے میڈلز کی مجموعی تعداد اب تک سات ہوگئی ہے۔

دوسری جانب 57 کلو گرام کیٹیگری میں علی اسد نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

پہلے روز پاکستان نے ریسلنگ میں تین میڈلز جیتے تھے۔ انعام بٹ اور زمان انور نے سلور اور عنایت اللہ نے برانز میڈل اپنے نام کیا تھا۔

پاکستان اب تک ایک گولڈ، تین سلور اور تین برانز میڈلز حاصل کرچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔