بلوچستان کے عوام فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ترجمان فرح شاہ

ویب ڈیسک  اتوار 7 اگست 2022
(فوٹو : فائل / اے پی پی)

(فوٹو : فائل / اے پی پی)

 کوئٹہ: بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کی جنگ پر ہم بیرونی سازش کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ملکی سالمیت پر ہماری زبانیں بند ہوجانی چاہئیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کی جنگ پر ہم بیرونی سازش کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ملکی سالمیت پر ہماری زبانیں بند ہوجانی چاہئیں، ہم سب ڈس انفارمیشن کا حصہ بنے ہوئے ہیں حالاں کہ ہم محب وطن ہیں، ہم سب پاکستانی ہیں اور ملک سے پیار کرتے ہیں۔

فرح شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ یہ وقت رنجش کو بھلا کر متحد ہونے کا ہے، مل کر بیرونی سازش کو ناکام بنانا ہے، سازش ہو رہی ہے کہ پاکستان کو توڑ دیا جائے، وزیراعلیٰ تمام سیاسی جماعتوں کے درمیاں پل کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پاکستان کے اداروں پر انگلی اٹھائے برداشت نہیں کریں گے، پاک فوج کے ہیروز پر ہماری جان قربان ہے، کور کمانڈر جنرل سرفراز انسانیت کا نمونہ تھے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاک فوج ہماری قومی سلامتی کی ضامن اور نظریاتی سرحد کی بھی محافظ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔