9 محرم الحرام کے جلوس پُرامن انداز میں اختتام پذیر

ویب ڈیسک  پير 8 اگست 2022
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا (فوٹو فائل)

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا (فوٹو فائل)

کراچی / اسلام آباد / لاہور: ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کے موقع پر محرم الحرام کے جلوس نکلنے والے جلوس پُرامن طریقے سے اختتام ہوگئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جب کہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند تھی۔

شہر قائد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج 9 محرم الحرام کے روز جلوسوں  نکالے گئے جو پُرامن انداز میں اپنی مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوگئے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ملک بھر میں خصوصا حساس شہروں اور علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی تھی جب کہ قیام امن کے لیے حساس مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: کراچی؛ مرکزی جلوس کی گزرگاہ کے قریبی رستے، مارکیٹیں سیل، شارپ شوٹر تعینات

سکیورٹی انتظامات کے تحت انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کیے گئے تھے جب کہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کرکے آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ملک بھر میں دو روز کے لیے موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس حسب روایت نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوا، جو ایم اے جناح روڈ سے صدر کی ایمپریس مارکیٹ اور تبت سینٹر سے گزرتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذید ہوا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: پنجاب میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں مرکزی جلوس اسلام پورہ کی پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس اپنے آغاز کے مقام پر ختم ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آج 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوکر واپس اسی مقام پر ختم ہوا۔

اُدھر پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال جب کہ کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس میکانگی روڈ سے برآمد ہوا تھا۔ ملک بھر میں جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر پولیس، رینجرز اور فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ جب کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کرنے کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: محرم الحرام؛ سندھ بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

اسلام آباد میں موبائل فون سروس تعطل کا شیڈول

علاوہ ازیں اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے موبائل فون سروس معطل کیے جانے سے متعلق تفصیل بھی جاری کی گئی تھی، جس کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو جی سکس، جی سیون، جی ایٹ اور جی نائن کے علاقوں میں صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی جب کہ آئی ٹین اور گردو نواح کے علاقوں میں 9 محرم کو رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔ 10 محرم کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک بند رہے گی۔11 محرم کو بری امام کے علاقوں میں موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک بند رکھی جائے گی۔

دریں اثنا وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے جلوسوں کی مناسبت سے متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نقشے بھی جاری کیے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔