ڈھائی کروڑ روپے کا اسمگل شدہ سامان بلوچستان سے کراچی لانے کی کوشش ناکام
بس کے خفیہ خانوں سے مردانہ و زنانہ کپڑا، ٹائرز، انڈین گٹکا اور دیگر اشیاء برآمد، استعمال شدہ گولیوں کے خول بھی برآمد
ISLAMABAD:
کسٹمز نے ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء بلوچستان سے کراچی منتقلی کی کوشش کو ناکام بنادی۔
کسٹمز حکام نے ایکسپریس کو بتایا کہ کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے ماتحت اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے موصول ہونے والے خفیہ اطلاع پر موچکہ چیک پوسٹ پر ایک بس روک کر اس کی مکمل تلاشی لی تو اس کے خفیہ خانوں سے اشیاء برآمد ہوئیں۔
کوئٹہ سے کراچی آنے والی زم زم کوچ نامی مسافر بس سے اسمگل شدہ مردانہ و زنانہ کلاتھ، ٹائرز، انڈین گٹکا اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق اسمگل شدہ اشیاء بس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھیں، بس میں اسمگلنگ کے مقاصد کے لیے خصوصی طور پر خفیہ خانے بنائے گئے تھے۔
حکام نے مقدمہ درج کرکے اشیاء اور بس کو ضبط کرلیا۔ ضبط شدہ بس اور مال کی مالیت 2 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے۔ حکام کے مطابق بس سے 12.32 اور 7.62 کیلیبر کے استعمال شدہ گولیوں کے خول کی بڑی تعداد بھی برآمد ہوئی جس پر حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔