شہباز گل کا بیان پی ٹی آئی کا بیانیہ نہیں ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  جمعرات 11 اگست 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز گل کا بیان پی ٹی آئی کا بیانیہ نہیں ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’کل تک‘ کے میزبان جاوید چوہدری سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کا بیانیہ نہیں ہے ہر انسان کا اپنی رائے ہو تی ہے، شہباز گل کو بیان واپس لینے پر معاف کر دینا چاہیے وہ ایک محب وطن انسان ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جو انہیں قریب سے جانتے ہیں انہیں معلوم ہے شہباز گل ایک محب وطن انسان ہیں، پی ٹی آئی کی پالیسی پرو پاکستانی پالیسی ہے۔

خیال رہے کہ 9 اگست کو پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو بغاوت اور اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں وفاقی دارالحکومت سے گرفتار کر لیا گیا تھا بعدازاں انہیں شہباز گل کو پولیس نے 10 اگست کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو، میرا بیان ایک محب وطن کا بیان ہے۔ اپنی فوج سے پیار کرنے والا بیان ہے۔ میں نے کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایسے بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کررہے ہیں، میں نے ان کے بارے میں بات کی تھی۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ ‏یہ سیاسی مقدمہ ہے سب سیاسی انتقام کے تحت کیا جا رہا ہے۔ فوج مقدس ترین ادارہ ہے، ہم سب پر اداروں کا احترام لازم ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔