شمالی وزیرستان میں دھرنا ختم کرانے کیلیے حکومتی جرگہ تشکیل

ویب ڈیسک  جمعرات 11 اگست 2022
جرگے میں پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو نمائندگی حاصل ہوگی (فوٹو فائل)

جرگے میں پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو نمائندگی حاصل ہوگی (فوٹو فائل)

 پشاور: وفاقی حکومت نے شمالی وزیرستان میں جاری دھرنا ختم کرانے کے لیے جرگہ تشکیل دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت دفاع کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق جرگے میں پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو نمائندگی حاصل ہوگی۔

ذرائع کے مطابق جرگے کی تشکیل میں خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کو مکمل نظر انداز کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پختون خوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی صدارت میں جرگے کا اجلاس کل بنوں میں طلب کرلیا گیا ہے، جس کے بعد جرگے کے ارکان میرعلی میں دھرنے پر بیٹھے افراد سے مذاکرات کے لیے روانہ ہوں گے۔

 

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں بے امنی اور ٹارگٹ کلنگ کےخلاف اتمانزائی امن جرگے کا دھرنا آج بدستور 27 ویں روز بھی جاری ہے۔ شمالی وزیرستان کےتمام داخلی و خارجی راستےاور کاروباری مراکز مکمل بند ہیں۔ جرگے کا مطالبہ ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کرکے امن قائم کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔