کراچی میں داماد نے ساس کو قتل کردیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 11 اگست 2022
داماد نشے کا عادی ہے اور کافی عرصے سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔

داماد نشے کا عادی ہے اور کافی عرصے سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔

 کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں داماد نے ساس کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا ، داماد کا سسرال والوں سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا جبکہ وہ نشے کا بھی عادی تھا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح بلدیہ ٹائون کے علاقے سعید آباد میں امام بخاری مسجد کے قریب گھر کے اندر سے خاتون کی لاش ملی جسے تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کیا گیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، مقتولہ کی شناخت بختون بی بی زوجہ نور محمد کے نام سے کی گئی جس کی عمر تقریباً پچاس برس تھی۔

مقتولہ کے شوہر نور محمد نے بتایا کہ اس کی اہلیہ کو اس کے داماد یار گل نے قتل کیا ہے ، وہ نشے کا عادی ہے اور کافی عرصے سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔

اسے متعدد مرتبہ سمجھایا لیکن وہ نہ مانا ، جمعرات کی صبح بھی وہ گھر آیا اور اپنی ساس سے جھگڑا کررہا تھا کہ اس دوران اس نے تیز دھار آلے کے وار کرکے بختون بی بی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا ، پولیس ملزم کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔