پاکستانی اسکالرز کے لیے امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کا ایوارڈ

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اگست 2022
پاکستانی اسکالر ڈاکٹغر وقاص احمد اور دیگرمحققین کو تحقیق کا بہترین خلاصہ پیش کرنے پر ڈاکٹرپال ڈیوڈلے وائٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ پی سی ایم ڈی

پاکستانی اسکالر ڈاکٹغر وقاص احمد اور دیگرمحققین کو تحقیق کا بہترین خلاصہ پیش کرنے پر ڈاکٹرپال ڈیوڈلے وائٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ پی سی ایم ڈی

 کراچی: جامعہ کراچی کے احاطے میں واقع انٹرنیشنل سینٹر برائے حیاتیاتی و کیمیائی علوم (آئی سی سی بی ایس) سے وابستہ ذیلی ادارے، ڈاکٹر پنجوانی مرکز برائے سالماتی ادویہ (پی سی ایم ڈی) کے اسکالرز نے امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے تحت اپنی تحقیق پر پال ڈیوڈلے وائٹ ایوارڈ جیتا ہے۔

ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) کے ایک پی ایچ ڈی طالب علم وقاص احمد نے حال ہی میں امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن سے ”پاول ڈیوڈلے وائٹ انٹر نیشنل اسکالر ایوارڈ“ اپنے نام کیا ہے۔

آئی سی سی بی ایس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل اسکالر ایوارڈ وقاص احمد اور ان کے معاون مصنفین کو اپنی تحقیق کی اعلیٰ درجے کی تلخیص (ایبسٹریکٹ) تحریر کرنے پر دیا ہے، وقاص احمد کے معاون مصنفین میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم، ڈاکٹر عرفان خان، ڈاکٹر محسن خان، ردا ماریہ قاضی اور ربیعہ منیر کے نام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وقاض احمد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ان محققین کی صلاحیت کا اعتراف امریکا کے شہر شکاگو میں 25 تا 28 جولائی کے دوران منعقدہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے بیسک کارڈیو ویسکولر سائنسز کے سائینٹیفک سیشن 2022ء میں اسناد، فوٹو سیشن، محققین کے کام کی نمائش وغیرہ سے کیا گیا۔

آئی سی سی بی ایس کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ان محققین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی صرف بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کی نہیں ہے یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کی ہے، انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے ماہرین کو اس اہم کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔