آپ اپنے Rosebudسے اصل محبت کرتے ہیں

آفتاب احمد خانزادہ  جمعـء 12 اگست 2022
aftabkhanzada2@yahoo.com

[email protected]

آپ چاہیں ملک کی انتہائی طاقتور و بااختیار سیاسی و سماجی شخصیت ہوں یا بڑے سرمایہ دار ، بلڈر یا جاگیردار ہوں یا پھر عام آدمی ہوں ۔ آپ کو بظاہر اپنی پوزیشن ، حیثیت ، عہدوں ، زمینوں یا دیگر چیزوں پیار، چاہت اور محبت محسوس ہوتی ہوگی ۔ آپ کو یہ بھی لگتا ہو گا کہ ان چیزوں کے بغیر زندگی ادھوری ، بے کار اور ما یوس کن ہے ، لیکن ایسا لگنا یا محسوس ہونا سفید جھوٹ ہے اصل میں آپ کو صرف اور صرف اپنے Rosebud سے ہی اصلی محبت ہے ۔ آپ کی زندگی میں صرف اسی کی اہمیت اور حیثیت ہے ۔ اس کے بغیر آپ ادھورے ہیں ۔ آپ حیران و پر یشان نہ ہوں ۔

آئیں Rosebud کے متعلق جانتے ہیں۔ آرسین ویلز نے 1941 میں صرف 25سال کی عمر میں شہرہ آفاق فلمCitizen Kane بنائی تھی، یہ فلم ہمیشہ ہالی وڈ کی سب سے بڑی فلم رہے گی ۔ آج بھی فلم ساز اس فلم کی سی بلندیوں کو چھونے کی آرزو رکھتے ہیں ۔ Citizen Kaneصرف ایک فلم ہی نہیں بلکہ یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں سے گزر کر انسان اپنے آپ کو دریافت کر تا ہے ۔ ایک سچے کردار پر مبنی اس فلم کا مر کزی خیال ایسا ہے کہ دیکھنے والا اس کے سحر سے ایک پل کو بھی نہیں نکل پاتا ۔ یہ گزشتہ صدی کے پہلے نصف کی آخری دہائی کا اوائل تھا۔

تب اخبارات اور جرائد بہت بڑی قوت تھے ۔ Citizen Kaneایک بہت دولت مند انسان ہے وہ ایک بہت بڑے اخبار کا مالک اور با اثر شخص ہے انتہائی رنگین اور بھر پور زندگی گذارنے کے بعد جب اس کا آخری وقت آیا تو وہ اپنے عالیشان قلعہ نما محل میں مرنے سے چند لمحے قبل ایک نام بولتا ہے اور اس کے بعد اس کی روح قفس عنصری سے پرواز کر جاتی ہے وہ نام تھا “Rosebud” چونکہ Citizen Kane ایک ارب پتی انسان تھا، اس لیے اس کے وکیل اور لواحقین اس کھو ج میں لگ جاتے ہیں کہ آخر Rosebud کون ہے اور Citizen Kane نے اپنی موت سے چند لمحے قبل اس کا نام کیوں لیا؟

چونکہ پوری فلم کا اسلوب بیانیہ رکھا گیا ہے اس لیے آئیں، اسی اسلوب کی پابندی کرتے ہوئے آپ کو Citizen Kane کی دنیا اور رازوں سے متعارف کرواتے ہیں۔ جہاںCiztizen Kane نے آخری سانسیں لیں وہ قلعہ بھی اپنی مثال آپ ہے پوری فلم میں اسے مرکزی اہمیت حاصل ہے ۔جیسے فلم کی کہانی آگے بڑھتی ہے ہم پر یہ راز کھلتا ہے کہ Kane اکیلا کیوں تھا ؟ اس نے اپنی بیوی کو اس محبوبہ کے لیے چھوڑ دیا تھا جو آخر اسے بھی چھوڑ کر جا چکی ہے ۔

بہت جانا پہچانا ہونے کے باوجود اس کے بارے میں کوئی یہ نہیں جانتا کہ اس کی اتنی بڑی جائیداد کا وارث کون ہوگا۔ اس کی موت خود ایک بڑی خبر ہے اس خبر کو اس بڑائی سے جاری اور نشر کیا جاتا ہے کہ اس میں اس کی زندگی کے سارے کارنامے اور پہلو آجاتے ہیںلیکن یہ پتہ نہیں چلتا کہ وہ کون تھا اور اس کی ذاتی زندگی کیسی تھی سب سے بڑھ کر یہ کہ Rosebud کون تھا یا تھی Citizen Kane جس اخبار کا مالک تھا اس کا ایڈیٹر کسی بھی قیمت پر Rosebud کی حقیقت جاننا چاہتا ہے اور وہ اس کا م پر ایک رپورٹر کو لگا تا ہے اور رپورٹر Kane کے انتہائی قریبی تصور کیے جانے والے پانچ لوگوں سے Kaneکی کہانی معلوم کرنے کی کو شش کر تاہے۔

اس طرح Kane کی پانچ متضاد شخصیتیں ہمارے سامنے آتی ہیںلیکن اس کے باوجود یہ معمہ حل نہیں ہوتا کہ Citizen Kane نے مرتے ہوئے Rosebud کے الفا ظ کیوں ادا کیے اور ان الفاظ کا مطلب اور خود Kaneکی زندگی سے کیا تعلق تھا ۔Kaneکی زندگی کے بارے میں اسے اتنا ہی پتا چلتا ہے کہ اس کا بچپن انتہائی غربت کے عالم میں بسر ہوا ۔ فلیش بیک میں دکھایا جاتا ہے کہ تب Kaneاپنے والدین کے ساتھColorado میں رہتا تھا زندگی بہت دشوار تھی کہ ایک دن اس کی والدہ کی زمین میں سونے کی کان نکل آئی اور دن بدل گئے ۔

اس کی ماں نے اسے پڑھنے کے لیے اپنے ایک عزیزتھیچر کی سرپرستی میں گھر سے دور بھیجنے کا فیصلہ کیا عین اسی وقت جب Kaneکی ماں اس کے مستقبل کا فیصلہ کررہی ہوتی ہے ۔Kaneاس سب سے دور اپنی من پسند برف گاڑی Sled کے ساتھ کھیل رہا ہے وہ اپنی ماں سے دور نہیں جانا چاہتا اسے اپنی ماں اور اس بر ف گاڑی Sledسے بہت پیار ہے یہ بر ف گاڑی Kaneکی تنہائیوں کی دوست ہے Kaneاس سے ہر بات کر لیتا ہے اس سب کے باوجود اسے اپنی ماں کی مر ضی کے آگے ہتھیار ڈالنا پڑتے ہیں اور وہ اپنے گھر اپنی ماں اور Sled سے دور چلا جا تا ہے ۔

آنے والے وقت میں وہ ایک بااثر سیاسی اور سماجی شخصیت بن کر ابھر تاہے لیکن سب کچھ ہوتے ہوئے بھی ایک احساس محرومی عمر بھر اس کے ساتھ چلتی ہے مرتے دم تک ۔ اس سب کھوج کے باوجود ایڈیٹر یہ معلوم نہ کر سکا کہ “Rosebud”کو ن تھا یا تھی ۔ اسی کشمکش میں فلم کا اختتام ہو تا ہے قلعہ نما محل کے اسٹور روم سے Citizen Kane کی چند پرانی اور متروک اشیا نکال کر ایک جگہ رکھی جاتی ہیں، بظاہر یہ سب کا ٹھ کباڑ ہے ورثا آپس میں صلاح مشورے کے بعد اسے نذر آتش کر نے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

ایک ایک کرکے ہر فالتو چیز آگ کے الاؤ میں جھونک دی جاتی ہے سب سے آخر میں Citizen Kane کی من پسند بر ف گاڑی بھی آگ میں اچھال دی جاتی ہے اور عین اسی لمحے کیمرہ زوم ہوتے ہوتے برف گاڑی کو ہم سب کی نظروں کے سامنے اتنا بڑا کر کے لے آتا ہے کہ ہمیں اس کے تختے پر لکھی ایک ٹیڑھی میڑھی تحریر واضح نظر آنے لگتی ہے ۔برف گاڑی پر فلم کا سب سے بڑا راز نقش ہو تاہے ۔ جی ہاں”Rosebud”یہ ہی اس بر ف گاڑی کا نام تھا جو Citizen Kane نے اس پر اپنے ننھے منے ہاتھوں سے نقش کیا تھا ۔ تمام تر جاہ و حشمت کے باوجود Citizen Kane کو یاد رہا تو بس اپنے دوست کانام ۔ جس سے وہ اپنے دل کی ہر بات کرتا تھا ۔

ہم سب کچھ پالینے کے باوجود کبھی بھی مکمل نہیں ہوپاتے ہیں۔ کہیں نہ کہیں ادھورا پن رہ ہی جاتا ہے ۔ اسی ادھورے پن کی وجہ سے ہم کبھی مکمل سکون بھی حاصل نہیں کر پاتے ہیں ۔ بس وہاں صرف ہم اور ہمارا Rosebudہی ہوتا ہے جس سے ہم اپنی ہر بات مکمل اعتماد کے ساتھ Share کرتے ہیں اپنے دل کی ہر بات کو اس کے سامنے رکھ دیتے ہیں بغیر کسی ہچکچاہٹ ، شرم اور خوف کے ۔ ہمیںاپنے Rosebud سے اپنے سے زیادہ محبت ہوتی ہے۔ کیونکہ وہ ہمارا سچا ، بے غر ض ، بے لوث دوست ہوتا ہے ۔

ہمیشہ اپنے اندر کی بات سنیے اور مانیے۔ اپنے Rosebud کوکسی پل اپنے آپ سے جدا مت کیجیے، کیونکہ Rosebudآپ کو با معنی راستے پر چلنے میں مدد دیتا ہے ،اپنی زندگی کو ایک معنی دیجیے ۔ اپنے لیے بھی اور دوسروں کے لیے بھی ، پھر آپ کو خوشیوں اور سکون کے لیے بھٹکنا نہیں پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔