ن لیگ نے پی ٹی آئی کیخلاف قومی پرچم کی تضحیک کی قرارداد جمع کرادی

ویب ڈیسک  جمعـء 12 اگست 2022
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 لاہور: قومی پرچم کے اوپر پی ٹی آئی کا جھنڈا لگانے پر پنجاب اسمبلی میں ’پرچم احترام آرڈیننس‘ کی خلاف ورزی پر مذمتی قرار جمع کرا دی گئی، قرار داد میں تحریک انصاف کے پرچم کو قومی پرچم کے اوپر لگانا سراسر قومی پرچم کی تضحیک قرار دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ نواز کی رکن اسمبلی کنول لیاقت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ’پرچم احترام آرڈیننس‘ کی خلاف ورزی کے تحت قرار داد جمع کرائی گئی ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا قومی پرچم پر اپنے پارٹی پرچم کو ترجیح دینا قابل مذمت فعل اور قومی پرچم کی تضحیک کے مترادف ہے۔

کنول لیاقت کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کسی قوم کی وقار کی علامت ھوتا ھے، غیور قومیں اپنے پرچم کو سر بلند رکھتی ہیں، تحریک انصاف نے اہم شاہراہوں پر پارٹی پرچم قومی پرچم کے اوپر لگایا ہے۔

انہوں نے متن میں کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے قومی پرچم کے اوپر اپنا پارٹی پرچم لگانے سے محب وطن عوام کو دلی صدمہ پہنچا ھے۔

پنجاب اسمبلی کا ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ قومی پرچم کی حرمت آن، وقار اور سربلندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایوان پی ٹی آئی کے اس مکروہ فعل کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور فی الفور سیاسی جماعت کے جھنڈوں کو اتارا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔