پاکستان سیاستدانوں نے بنایا تھا اور سیاستدان ہی اس کی تعمیر کرتے رہے ہیں، آصف زرداری

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اگست 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے بھارت کی آبی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہٹ درمی کی وجہ سے ہمارے ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ زمین سیلاب کی زد میں آرہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سابق صدرمملکت و پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھارت کی آبی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کی اس ہٹ درمی کی وجہ سے ہمارے ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ زمین سیلاب کی زد میں آ ر ہے ہیں، بھارت کی طرف سے پاکستانی دریاؤں میں پانی چھوڑنے کو انٹرنیشنل معاہدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی کیلئے نوجوانوں کا بے مثال کردار ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کی کردار کشی کا سلسلہ بہت پرانا ہے حالانکہ پاکستان سیاستدانوں نے بنایا تھا اور سیاستدان ہی اس کی تعمیر کرتے رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے اس حوالے سے کہا کہ ملک جب بھی مشکلات کا شکار ہوا پیپلزپارٹی نے ملک کو مشکلات سے نکالا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔