جماعت اسلامی کی مہنگی بجلی کے خلاف تحریک شروع

نمائندگان ایکسپریس  ہفتہ 13 اگست 2022
سوات میں حالات بدتر، وزیر اعظم، وزیراعلیٰ جواب دیں یا استعفیٰ، پشاور میں خطاب۔ فوٹو: فائل

سوات میں حالات بدتر، وزیر اعظم، وزیراعلیٰ جواب دیں یا استعفیٰ، پشاور میں خطاب۔ فوٹو: فائل

پشاور / لاہور: جماعت اسلامی نے مہنگی بجلی کے خلاف تحریک شروع کر دی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک کے آغاز پر پشاور قصہ خوانی بازار میں ہونے والے مرکزی مظاہرے کے شرکا سے خطاب میں کہا ہے حکومت ہر روز غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالتی ہے۔ 34یونٹ جلانے والے کو 7ہزار کا بل بھیج دیا جاتا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت کے اقدامات کی وجہ سے عوام کا جینا اور مرنا دونوں محال ہو گئے ، ناانصافی مزید برداشت نہیں کر سکتے، عوام اسلام آباد جانے کیلیے تیار رہیں، سوات میں حالات بدتر، جوانوں کی ہاتھ بندھے ویڈیوز، وزیراعظم، وزیراعلی جواب دیں یا مستعفی ہوں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر جمعہ کو مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہوئے ، مظاہرین نے بجلی کے بل نامنظور، آئی ایم ایف حکومت نامنظور کے نعرے لگائے۔ ممبر قومی اسمبلی عبدالاکبرچترالی، امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں جماعت اسلامی 15اگست کو اسلام آباد میں مظاہرہ کرے گی اور 17اگست کو لاہور میں لیسکو ہیڈ کوارٹر کا گھیرا کیا جائے گا۔

سراج الحق نے کہا خیبرپختونخوا 20 ارب یونٹ سستی بجلی پیدا کرتا ہے جب کہ 12ارب یونٹ اس کی ضرورت ہے۔ خیبرپختونخوا سے بجلی پیدا ہونے کی فی یونٹ قیمت 87پیسہ ہے جب کہ عوام کو 20روپے فی یونٹ کے حساب سے بل بھیجے جاتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ اس وقت مالاکنڈ ڈویعن میں شدید خوف کا عالم ہے۔ صوبہ بھر میں ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے۔ سوات جو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا گھر ہے وہاں حالات بدتر ہیں۔ ڈی ایس پی اور فوجی جوانوں کی ہاتھ باندھے ہوئے ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ قوم کو جواب دیں یا مستعفی ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔