ممنوعہ فنڈنگ کیس: فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

ویب ڈیسک  پير 15 اگست 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی بنیاد پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پر کارروائی معطل کی جائے، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس کو معطل کیا جائے، عدالت قرار دے کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ غلط اور دائرہ اختیار سے تجاوز ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت یہ بھی قرار دے کہ اتھارٹی کو اختیار نہیں کہ وہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی بنیاد پر کوئی ایکشن تجویز کرے۔

پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں مزید استدعا کی ہے کہ ہائی کورٹ میں درخواست کے حتمی فیصلے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔