پرویزالہی کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے محض ایک ہفتے میں متعدد وزرا کے قلمدان تبدیل

ویب ڈیسک  پير 15 اگست 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ایک ہفتے بعد ہی پنجاب کابینہ میں شامل وزرا کے قلمدان تبدیل کردیئے ہیں ۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق راجہ بشارت سے پبلک پراسیکیوشن کی وزرات واپس لے کر قلمدان بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) محمد مصدق عباسی کو سونپ دیا گیاہے، راجہ بشارت کو اب پارلیمانی افئیرز اور محکمہ ماحولیات کی وزارت دی گئی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد سے وزارت صحت کا قلمدان واپس لے کرانہوں اسپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی وزارت دے دی گئی ہے،وزیر اعلٰی نے اختر ملک کو وزیر صحت پنجاب مقرر کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطاق ارسلان خالد کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا محکمہ دیا گیا ہے جو اس سے پہلے راجہ یاسر ہمایوں کے پاس تھا۔

وزیر اعلیٰ نے خرم ورک سے وزارت پارلیمانی امورکا قلمدان واپس لے لیا ہے، واضح رہے کہ تبدیل یا ہٹائے جانے والے وزراء کو ایک ہفتے قبل ہی یہ قلمدان سونپے گئے تھے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ نے 664 مخصوص خالی نشستوں پر فوری تعیناتی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پنجاب اسپیشل ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ کو سمری ارسال کرنے کا حکم دیا ہے۔

جسمانی معذور کا شکار افراد کے وفد سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہناتھاکہ مسلم لیگ نواز نے اسپشل پرسننز کو یکسر نظر انداز کیا اور ان کے مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دی، معذوری کا شکار افراد قوم کے فرزند ہیں ان کے  مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر کے سرکاری محکموں میں موجود معذور افراد کو آمد و رفت کی مد میں دیئے جانے والے الاؤنس میں اضافہ کا اعلان کیا، انکا مزید کہنا تھا کہ تمام افراد کو ان کے عہدوں میں ترقی بھی دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔